تین نوجوان’غنڈوں“ نے دھاوا
کراچی( )کراچی کے علاقے سچل تھانے میں واقع پٹرول پمپ پر
تین نوجوان’غنڈوں“ نے دھاوا بولا اور وہاں کام کرنے والے لڑکے پر اچانک برستے ہوئے تھپڑوں کی بارش کر دی جس کی ویڈیو بھی سوشل میڈیا پر وائرل ہو گئی تاہم بات یہیں تھمی نہیں بلکہ تحریک انصاف کے رکن قومی اسمبلی سیف الرحمان ان کے پیچھے تھانے پہنچے اور انہیں چھڑوانے کی کوشش کی جس پر تھانے میں بھی گرما گرمی کا ماحول پیدا ہو گیا تاہم ابھی تک جھگڑے کی وجہ سامنے نہیں آ سکی ہے۔
تفصیلات کے مطابق پٹرول پمپ پر دو کالی اور ایک ہر ے رنگ کی شلوار قمیض میں ملبوس نوجوان آئے اور آتے ہی انہوں نے گاڑی میں پٹرول بھرنے والے نوجوان پر تھپڑوں کی بارش کر دی جس پر وہاں موجود لوگوں نے انہیں چھڑوانے کی کوشش بھی کی لیکن معاملہ گرم ہوتا چلا گیا جس کے بعد سچل تھانے کے اہلکاروں نے کارروائی کرتے ہوئے گلشن معمار کے رہائشی بخت اللہ اور طارق کو گرفتار کر لیا ۔ دونوں نوجوانوں کیخلاف مقدمہ درج کرکے کارروائی کا آغاز کر دیا گیا ۔ پاکستان تحریک انصاف کے رہنما سیف الرحمان کو اطلاع ملی تو وہ بھی اپنے قریبی افراد کے ساتھ تھانے پہنچ گئے جس کی ویڈیو بھی سوشل میڈیا پر تیزی کے ساتھ وائرل ہو رہی ہے ، ویڈیو میں دیکھا جا سکتاہے کہ پی ٹی آئی رہنما تھانے میں موجود ایک کمرے کے باہر کھڑے ہیں جس کا دروازہ بند ہے اور وہ اونچی اونچی بول رہے ہیں کہ میں اس علاقے کا ” ایم این اے “ ہوں اور دروازہ کھولا جائے ۔
Comments
Post a Comment